"میرا ڈمپل ہانیہ عامر کے ڈمپل سے زیادہ مشہور ہے”

سینئر اداکار فیصل رحمٰن نے کہا ہے کہ ان کا ڈمپل پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کے ڈمپل سے زیادہ مشہور ہے۔
فیصل رحمٰن نے ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اپنے کیریئر، ذاتی تجربات اور انڈسٹری کے حالات پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ بچپن میں وہ چاہتے تھے کہ ان کے بھارت میں رہائش پذیر تایا انہیں اڈاپٹ کر لیں تاکہ وہ بالی وڈ میں کام کر سکیں، مگر انکار کر دیا گیا۔
اداکار کے مطابق 1980 کی دہائی میں بھارت کا ویزہ لینا آسان تھا اور وہ اکثر وہاں جا کر آڈیشنز دیتے تھے، لیکن پاکستانی ہونے کی وجہ سے فلمساز کاسٹ کرنے سے گریز کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک میں کام کرنے میں کوئی برائی نہیں، مگر بھارت کے موجودہ حالات کے باعث یہ اب ممکن نہیں رہا۔
فیصل رحمٰن نے مزید کہا کہ ان کے دونوں گالوں پر ڈمپل ہیں، ایک نمایاں جبکہ دوسرا نسبتاً کم واضح ہوتا ہے، اور یہی ان کی شخصیت کی پہچان بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہانیہ عامر ابھی نئی ہیں، جبکہ میرا ڈمپل انڈسٹری میں برسوں سے مشہور ہے، بڑی عمر کی خواتین بھی اس ڈمپل کی مداح ہیں۔”
















